بھارتی فضائیہ کا ایک اور تیجس طیارہ حادثے کا شکار

بھارت کا مقامی طور پر تیار کیا گیا تیجس لڑاکا طیارہ ایک تربیتی پرواز کے بعد لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔

بھارتی حکام کے مطابق طیارہ معمول کی تربیتی مشق مکمل کر کے واپس اتر رہا تھا کہ اسی دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ پائلٹ نے بروقت پیراشوٹ کے ذریعے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچا لی اور وہ محفوظ رہا، تاہم طیارے کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں جس کے باعث اسے قابل استعمال رکھنے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

واقعے کے فوراً بعد بھارتی فضائیہ نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ساتھ ہی تمام تیجس طیاروں کی تکنیکی جانچ کا بھی حکم دیا گیا ہے تاکہ کسی ممکنہ فنی خرابی کا پتہ چلایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ان 32 سنگل سیٹ جہازوں میں شامل تھا جو ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ نے بھارتی فضائیہ کے حوالے کیے تھے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بھارتی فضائیہ کو جدید تیجس مارک ون اے طیاروں کی فراہمی میں پہلے ہی تاخیر کا سامنا ہے۔ فضائیہ نے اپنی صلاحیت بڑھانے کے لیے تقریباً 180 طیاروں کا آرڈر دے رکھا ہے، مگر ان کی تیاری کا عمل توقع کے مطابق آگے نہیں بڑھ رہا۔

یاد رہے کہ تیجس پروگرام کے تحت یہ تیسرا بڑا حادثہ بتایا جا رہا ہے۔ اس سے قبل مارچ 2024 میں جیسلمیر کے قریب ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا جبکہ نومبر 2025 میں دبئی ایئر شو کے دوران ایک اور حادثے میں پائلٹ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔

حالیہ برسوں میں اس طیارے سے متعلق پیش آنے والے مسلسل حادثات نے بھارت کے مقامی جنگی طیارہ سازی کے پروگرام اور اس کی دیکھ بھال کے نظام پر کئی سوالات اٹھا دیے ہیں۔ دفاعی ماہرین کے مطابق ایک طرف فضائیہ کو نئے طیاروں کی فوری ضرورت ہے جبکہ دوسری جانب موجودہ بیڑے کی حفاظت اور کارکردگی کو برقرار رکھنا بھی ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔

فی الحال بھارتی فضائیہ کی توجہ تحقیقاتی عمل پر مرکوز ہے تاکہ حادثے کی اصل وجہ سامنے آ سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں