کراچی (اولس نیوز ) کراچی کے علاقے سولجر بازار کی گل رانا کالونی میں واقع ایک رہائشی عمارت میں ہونے والے سلنڈر دھماکے کے کیس کا اندراج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے عمارت کے مالک و بلڈر ارشاد کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق مقدمہ سولجر بازار تھانے میں درج کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عمارت مبینہ طور پر غیرقانونی طور پر تعمیر کی گئی تھی، جہاں چالیس گز کے پلاٹ پر تین منزلہ ڈھانچہ کھڑا کیا گیا تھا۔ اسی عمارت میں گزشتہ روز دھماکہ پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق گیس لیک ہونے کے باعث دھماکہ صبح 3 بجکر 47 منٹ پر ہوا۔
یاد رہے کہ سحری کے اوقات میں ہونے والے اس افسوسناک واقعے کے نتیجے میں 16 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے حادثہ کا جائزہ لیا۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ کچن میں گیس کی تنصیب غیرمعیاری تھی اور گیس کی فراہمی کے لیے پلاسٹک پائپ استعمال کیا جا رہا تھا، جس سے گیس رساؤ کا خطرہ بڑھ گیا تھا۔ علاوہ ازیں، گھر میں گیس کھینچنے والی موٹرز بھی لگی ہوئی تھیں۔




