پاکستان (ویب ڈیسک ) رمضان المبارک 2026 کے لیے بینکوں کے متوقع اوقاتِ کار سامنے آ گئے ہیں، جو مقدس مہینے کے دوران ملک بھر میں نافذ رہیں گے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق رمضان کے پیشِ نظر تمام سرکاری اور نجی بینکوں کے دفتری اور عوامی لین دین کے اوقات محدود کر دیے جائیں گے۔
پاکستان میں رمضان المبارک کا آغاز جمعرات 19 فروری یا جمعہ 20 فروری 2026 کو متوقع ہے، جس کا حتمی اعلان چاند نظر آنے کے بعد کیا جائے گا۔ اگر شعبان کا مہینہ 29 دن کا ہوا تو رمضان 19 فروری سے شروع ہوگا، جبکہ شعبان کے 30 دن مکمل ہونے کی صورت میں رمضان کا آغاز 20 فروری سے ہوگا۔ چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس 18 فروری کی شام کو منعقد کیا جائے گا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق رمضان المبارک کے دوران بینکوں کے دفتری اوقات پیر سے جمعرات صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک ہوں گے، جبکہ جمعے کے روز بینک صبح 9 بجے سے 12:30 بجے تک کھلے رہیں گے۔
عوامی لین دین کے لیے پیر سے جمعرات صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک خدمات فراہم کی جائیں گی، جبکہ جمعے کے روز عوامی لین دین کا وقت صبح 9 بجے سے 12:30 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔
یہ اوقات کار رمضان المبارک کے پورے مہینے کے لیے ہوں گے تاکہ روزہ دار ملازمین اور بینک صارفین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ رمضان کے اختتام کے بعد بینکوں کے اوقات کار دوبارہ معمول کے مطابق بحال کر دیے جائیں گے۔




