کان مہترزئی اور مسلم باغ میں برفباری کے بعد پی ڈی ایم اے کا ریسکیو آپریشن، شاہراہوں کی بحالی کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری

کوئٹہ:

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان نے کان مہترزئی اور مسلم باغ کا دورہ کیا اور حالیہ بارشوں و برفباری سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان کو ریسکیو ٹیموں نے بتایا کہ برفباری کے باعث شاہراہوں پر جمی برف ہٹانے کا عمل تیزی سے جاری ہے، جبکہ کوئٹہ سے لورالائی تک شاہراہ کو آمدورفت کے لیے کھلا رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کان مہترزئی اور مسلم باغ میں پی ڈی ایم اے کا عملہ اور بھاری مشینری اس وقت بھی متحرک ہے اور سڑکوں کی بحالی، پھسلن کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور برفباری کے پیش نظر ممکنہ طور پر متاثرہ علاقوں میں پیشگی بنیادوں پر مشینری اور امدادی سامان بھجوا دیا گیا تھا، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور موثر ردِعمل دیا جا سکے۔ مسلم باغ کے علاقے میں قومی شاہراہ پر پھسلن کے باعث ٹریفک کی بحالی کے لیے خصوصی کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے برفباری کے دوران فوری امدادی کارروائیوں اور عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی واضح ہدایات جاری کی ہیں۔ ان ہدایات کی روشنی میں تمام متعلقہ ادارے ہمہ وقت الرٹ ہیں اور فیلڈ میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے عوام کو آگاہ کیا کہ محکمہ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے، جہاں سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی اطلاع پر فوری کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ٹرانسپورٹ اور عوام سے اپیل ہے کہ دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں