کوئٹہ: ایئرپورٹ روڈ پر منعقد کی گئی میراتھن ریس نے شہر کی مصروف ترین شاہراہ کو گھنٹوں بند رکھ کر عوام کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دیں۔ جہاں چند افراد کھیل کے نام پر دوڑتے رہے، وہاں ہزاروں شہری ٹریفک میں پھنستے رہے اور اپنی روزمرہ زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہو گئے۔
ریس کے باعث ایئرپورٹ روڈ اور اس سے ملحقہ راستوں پر طویل ٹریفک جام رہا، دفاتر، تعلیمی اداروں اور کاروباری مراکز جانے والے افراد شدید پریشانی کا شکار رہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک کنٹرول کے مؤثر انتظامات موجود نہیں تھے اور انتظامیہ نے عوامی سہولت کو مکمل طور پر نظرانداز کیا۔
سب سے تشویشناک پہلو یہ رہا کہ ایمبولینسز بھی ٹریفک میں پھنس کر رہ گئیں، جس سے مریضوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں۔ ایمرجنسی کی بنیاد پر ہسپتال پہنچنے والے افراد کے لیے یہ صورتحال کسی اذیت سے کم نہ تھی۔
شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا حکومت کے پاس کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے کے لیے سٹیڈیم یا مخصوص ٹریک موجود نہیں؟ اگر موجود ہیں تو پھر شہر کی مرکزی شاہراہ کو کیوں بند کیا گیا؟
عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ ایسے پروگرام عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے مخصوص مقامات پر منعقد کیے جائیں تاکہ شہریوں کی زندگی مفلوج نہ ہو اور مریضوں کو بروقت علاج کی سہولت میسر آ سکے۔




