“چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کا عوام کو بہترین سروس فراہم کرنے کے لیے وسائل کے استعمال کا عزم”

کوئٹہ (اولس نیوز ) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو بہترین سروس کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے، مربوط نظم و نسق کے بغیر خدمات کی فراہمی موثر نہیں ہو سکتی اور خدمات کی فراہمی میں بہترین ادارہ جاتی شفافیت اور عوامی اعتماد کو فروغ دیتی ہے، تمام محکموں میں اصلاحات پر کام جاری ہے، ان اصلاحات کا بنیادی مقصد سرکاری اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور عام آدمی تک ان کے ثمرات پہنچانا ہے۔ عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹھارویں نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی میں بہترین اور فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے حکومت نے عارضی بنیادوں پر 4000 ڈاکٹرز اور اسٹاف بھرتی کئے ہیں، صوبے میں ٹوٹل 918 فعال بنیادی مراکز صحت فعال کئے۔ جس سے بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹروں کی موجودگی کو یقینی بنایا گیاہے۔ ہیلتھ کارڈ سے 3 لاکھ سے زائد مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔ صوبائی حکومت صوبے بھر میں 14000 اساتذہ بھرتی کئے جس سے صوبے بھر میں کل 14556 سکولز فعال ہوگئے اور صوبے میں بلوچستان ایجوکیشن فاونڈیشن کے ذریعے مزید 650 سے زائد سکولز کھل چکے ہیں۔ جس سے ٹوٹل 95000 سے زائد بچے سکولز میں داخل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں دس سالہ ترقیاتی پلان کے تحت صوبے کی اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی ترقی کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تعلیم، صحت، اور دیگر اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وفاقی حکومت کے تعاون سے بجلی سے چلنے والے 27000ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقل کر دیے ہیں جس سے بجلی اور فنڈز کی بچت ہو گی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت انٹرپرائز ڈیویلپمنٹ کے ذریعے صوبے میں نوجوانوں کی روزگار کی فراہمی کے لیے ایک پروگرام شروع کیا ہے جس سے بلوچستان کے چھ اضلاع میں 60 ہزار نوجوانوں کو روز گار کی فراہمی کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اخوت کے ساتھ مل کر 10 ہزار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے قرضے دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اسکل ڈیویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے اگلے پانچ سالوں میں 3000 نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے بیرون ملک بھجوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان سپیشل ڈویلپمنٹ انیشییٹیوز اسکیمات ڈی سی سی کے ذریعے 35 اضلاع میں 900 سے زائد ترقیاتی منصوبے شامل کئے گئے ہیں اور ان میں ابھی تک 100 سے زائد منصوبے ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لیے ایک انتہائی فخر کا مقام ہے کہ 2025 میں نیویارک انٹرنیشنل اولیو آئل مقابلے میں جو کہ دنیا میں زیتون کے تیل کا سب سے بڑا اور معتبر مقابلہ مانا جاتا ہے، لورالائی کے برانڈ “لورالائی اولیوز” (Loralai Olives – LO) نے سلور میڈل حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ پورے بلوچستان سے انسدادِ پولیو مہم میں 8000 سے زائد رضا کاروں کو شامل کیا ہے اور 13 مہینے سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پہلا صوبہ ہے کہ جہاں پر 50 کروڑ کا کلائمیٹ چینج فنڈ بنایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں