تعلیم کی بہتری ہماری پہلی ترجیح ہے، سید ظفر علی آغا

پشین (نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام کے رہنماء اور رکن صوبائی اسمبلی سید ظفر علی آغا نے کہا ہے کہ تعلیمی معیار کی بہتری موجودہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور پشین کے تعلیمی اداروں میں طلباء کے لیے سازگار اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے، اسی لیے تعلیمی نظام کو مضبوط اور مؤثر بنانا لازمی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے شعبے میں جاری اصلاحاتی اقدامات کو مزید فعال اور عملی شکل دی جائے گی تاکہ چھوٹے سے چھوٹے تعلیمی ادارے تک بہتری کے اثرات پہنچ سکیں اور زمینی سطح پر واضح تبدیلی نظر آئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین ریسٹ ہاؤس میں منعقدہ محکمہ تعلیم کے ایک اہم جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ضلعی محکمہ تعلیم کے افسران، کلسٹر انچارجز اور متعلقہ ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر کے تعلیمی نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ اساتذہ کی کمی، طلباء کو درپیش مسائل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی معیار میں کمی جیسے اہم نکات پر مفصل گفتگو ہوئی۔ اجلاس کے دوران محکمہ تعلیم کے افسران نے اپنے اپنے شعبہ جات میں جاری اصلاحات، انجام دی گئی پیش رفت اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ شرکاء نے تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط، اساتذہ کی حاضری، امتحانی نظام کی شفافیت اور والدین و کمیونٹی کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر پسماندہ علاقوں کے اسکولوں میں سہولیات کی عدم دستیابی، بچیوں کی تعلیم کے فروغ، اور اساتذہ کی تربیت جیسے اہم موضوعات بھی زیرِ بحث آئے۔ اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی شعبے میں بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے، اور حکومتی پالیسیوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تعلیم کے میدان میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ضلع پشین میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات جاری رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں