اسلام آباد (اولس نیوز کوئٹہ)اسلام آباد کی کچہری کے پارکنگ ایریا میں دوپہر تقریباً ساڑھے بارہ بجے زوردار دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ابتدائی طور پر پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ گاڑی میں نصب گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا، تاہم موقع پر موجود عینی شاہدین کے مطابق یہ خودکش دھماکہ تھا۔
دھماکے کے نتیجے میں پارکنگ ایریا میں آگ لگ گئی جس نے قریب کھڑی متعدد گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دھواں فضا میں بلند ہوتا رہا اور لوگ خوفزدہ ہو کر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
5 افراد شہید جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب عدالت کے باہر معمول کی سرگرمیاں جاری تھیں، جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ کارروائی مبینہ طور پر ہندوستانی اسپانسرڈ افغان طالبان کی پراکسی تنظیم “فتنہ الخوارج” کی جانب سے کی گئی۔ جائے وقوعہ سے خودکش بمبار کا جسمانی دھڑ سڑک پر پڑا ملا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں منتقل کیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرنا شروع کر دیے ہیں۔




