کوئٹہ میں خودکش حملہ ناکام ، بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کا کوئٹہ میں خودکش حملہ ناکام بناتے ہوئے پانچ دہشت گرد ہلاک کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھارتی پراکسی گروہ فتنہ الخوارج کی جانب سے خودکش حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ حملے کے دوران 2 ایف سی جوان زخمی ہوئے۔
ذرائع کا کہنا تھا دہشت گردوں نے ایف سی کی وردی پہن رکھی تھی تاہم فورسز کی بروقت اور مؤثر حکمتِ عملی نے منصوبہ ناکام بنا دیا۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی ایجنڈے پر کام کرنے والے عناصر کے ناپاک عزائم مستقبل میں بھی ناکام بنائے جاتے رہیں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دھماکے اور دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر ردعمل دے کر تمام دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے، عوام اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت صوبے کو پرامن اور محفوظ بنانے کے عزم پر کاربند ہے اور دہشت گردوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
اس سے قبل کوئٹہ کے علاقے جناح روڈ کے قریب دھماکے اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ دھماکے کی جگہ سے دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے، تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر ماڈل ٹاؤن جانے والی تمام شاہراہوں پر ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔
دھماکے کے بعد محکمہ صحت بلوچستان کے ترجمان نے بتایا کہ شہر کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جب کہ اضافی ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کو بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا جبکہ مزید تفصیلات اور نقصانات کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں