راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کے دوران “فتنہ الہندوستان” کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں انٹیلی جنس معلومات پر مبنی آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی گزشتہ رات “فتنہ الہندوستان” کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 4 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان نے بتایا کہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے ہتھیار، گولیاں اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، ہلاک دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، سیکورٹی فورسز ملک سے ہندوستانی اسپانسر شدہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اور دہشت گردی کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
سیکیورٹی فورسز کا بلوچستان میں آپریشن ، 4 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک




