طاقت کی بنیاد پر فیصلے بحرانوں میں اضافہ کر رہے ہیں، لشکری رئیسانی و اسد قیصر۔

اسلام آباد (اولس نیوز)سینئر سیاستدان اور سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور بحرانوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد مشترکہ میڈیا گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ طاقت کے زور پر کیے گئے فیصلے بحرانوں میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ملک کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔

لشکری رئیسانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بدامنی سمیت صوبوں کی تقسیم کی بازگشت تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی پالیسیاں قومی سلامتی اور اتحاد کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف چونکہ خود کو سب سے بڑی عوامی قوت قرار دیتی ہے، اس لیے اس کی ذمہ داری ہے کہ ایسے اقدامات کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ مزید بحران جنم نہ لیں۔

اسد قیصر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات انتہائی پریشان کن ہیں اور ان سے نکلنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا پڑے گا۔ ان کے مطابق اتحاد ہی شفاف اور مستحکم پارلیمانی نظام کے تسلسل کی ضمانت بن سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں