محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و انسداد منشیات (ساؤتھ زون) نے ڈائریکٹر جنرل محمد زمان کی ولولہ انگیز قیادت میں ایک شاندار اور تاریخی کارروائی کے دوران پاک بحریہ کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں بین الاقوامی سطح کی منشیات اور شراب کی اسمگلنگ کو ناکام بنا دیا۔
یہ حساس اور کامیاب کارروائی جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر (JMICC) کی مؤثر معاونت سے عمل میں لائی گئی، جس کے دوران بین الاقوامی پانیوں سے اسمگلنگ کے ذریعے لایا گیا منشیات کا ایک بڑا ذخیرہ، جو کہ کُنڈ ملیر کے ساحلی علاقے میں چھپایا گیا تھا، کو قبضے میں لے لیا گیا۔
ضبط شدہ اشیاء کی تفصیل:
8000 بوتلیں غیر ملکی شراب اور بیئر
600 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس
200 کلو گرام آئس میتھ ایمفیٹامائن (Ice Meth)
بین الاقوامی منڈی میں ان ضبط شدہ اشیاء کی مالیت تقریباً 24.28 ارب روپے کے لگ بھگ ہے، جو حالیہ برسوں میں کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک ہے – اور حیران کن طور پر، محض ایک ماہ کے اندر ساؤتھ زون کی یہ دوسری بڑی کامیابی ہے۔
ڈی جی محمد زمان کی قیادت میں غیر معمولی کامیابیاں
اس تاریخی آپریشن سے پہلے بھی، گزشتہ ماہ ڈائریکٹر جنرل محمد زمان کی نگرانی میں ساؤتھ زون کی ٹیم نے غیر ملکی شراب اور منشیات کی بڑی مقدار ضبط کی، جس سے ان کی پیشہ ورانہ قابلیت، قیادت کے جوہر اور انسدادِ منشیات کے عزم کا واضح اظہار ہوتا ہے۔
ان کی قیادت میں ساؤتھ زون ایک مضبوط، چاق و چوبند اور حکمت عملی سے لیس فورس کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے، جو کہ نہ صرف اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کو بے نقاب کر رہا ہے بلکہ پاکستانی نوجوانوں کو منشیات کے ناسور سے بچانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اسمگلروں کے لیے واضح پیغام:
یہ آپریشن بین الاقوامی منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے لیے ایک سخت پیغام ہے کہ پاکستان کی زمینی اور سمندری سرحدیں ہمیشہ چوکس، محفوظ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے فولادی عزم کے ساتھ محفوظ ہیں۔
محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و انسداد منشیات (ساؤتھ زون) اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ بلوچستان کی بین الاقوامی سرحدوں اور پاکستان کے قومی بارڈرز پر ہمیشہ چوکنا اور متحرک رہے گا، اور بین الادارہ جاتی تعاون اور عوامی اعتماد کے ساتھ ملک کو منشیات سے پاک بنانے کے مشن پر گامزن رہے گا۔