کوئٹہ: گرینڈ الائنس کی کوریج کے دوران پولیس کا تشدد، صحافی زخمی، بی یوجے کی مذمت

کوئٹہ میں گرینڈ الائنس کی کوریج کےدوران صحافیوں پر پولیس تشدد ، بی یوجے کی شدید مذمت ۔ پولیس تشدد سے سنو ٹی وی کے کیمرہ مین سمیت متعدد میڈیا ورکرز زخمی

پریس ریلیز

کوئٹہ : 24 مئی 2025

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس ( بی یو جے ) نے کوئٹہ میں گرینڈ الائنس کے احتجاج کی کوریج کے دوران صحافیوں پر پولیس تشدد اورانہیں زخمی کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتےہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف ضابطے کی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

گرینڈ الائنس کی کوریج کے دوران پولیس نے صحافیوں کو کوریج سے روک کر ان پر لاٹھی چارج کیا جس سے سنو ٹی وی کے کیمرہ مین محمد یاسین بلوچ سمیت متعدد دیگر میڈیا ورکرززخمی ہوئے ۔ پولیس اہلکاروں نے سنو ٹی وی کے رپورٹر فضل تواب سمیت دیگر صحافیوں کو زودوکوب بھی کیا۔اور انہیں کوریج سے روک کر موبائل اور دیگر سامان چھیننے کی کوشش کی۔

صدر بی یوجے خلیل احمد اور جنرل سیکرٹری عبدالغنی کاکڑ نے صحافیوں پر تشدد کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کوئٹہ پولیس نے اختیارات سے تجاوز کرکے نہ صرف قواعدو ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کی ہے بلکہ پولیس کا یہ رویہ آزاد صحافت کو دبانے کی ایک مذموم کوشش بھی ہے جسے کسی بھی طور پر برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

بی یو جے رہنماوں کا کہنا تھا کہ صحافیوں کا کام عوام کو باخبر رکھنا ہے، اور انہیں احتجاج، جلسوں اور مظاہروں کی رپورٹنگ سے روکنا یا ان پر تشدد کرنا کسی بھی جمہوری معاشرے میں ناقابلِ قبول ہے۔

بی یوجے نے صحافیوں کو کوریج سے روکنے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کا بھی اعلان کیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں