کوئٹہ: سرکاری املاک کی چوری پر پولیس کی وارننگ رضاکارانہ طور پر واپس کرنے کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دے دی

کوئٹہ(اولس نیوز ) کوئٹہ پولیس نے حالیہ سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں سرکاری تحویل میں موجود املاک کی مبینہ چوری کے واقعات پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے عوام کو وارننگ جاری کی ہے اور چوری شدہ سامان رضاکارانہ طور پر واپس کرنے کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دے دی ہے۔

پولیس کے مطابق کوئٹہ کے شہری عمومی طور پر پُرامن، مہمان نواز اور قانون پسند ہیں، تاہم حالیہ دہشتگرد حملے کے دوران بعض افراد کے طرزِ عمل پر سوالات اٹھے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جب سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں سے مقابلے میں مصروف تھیں، اسی دوران بعض شرپسند عناصر نے مبینہ طور پر سرکاری تحویل میں موجود موٹرسائیکلیں، گاڑیاں اور رکشے اپنے قبضے میں لے لیے۔

کوئٹہ پولیس کے بیان کے مطابق سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا یا انہیں چوری کرنا سنگین جرم ہے، جسے قانون کے مطابق دہشتگردی سے متعلق دفعات کے تحت بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ جلد ایک باقاعدہ آپریشن شروع کیا جا رہا ہے جس کا مقصد تمام چوری شدہ سرکاری سامان کی بازیابی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران اگر کسی فرد کے قبضے سے چوری شدہ سرکاری املاک برآمد ہوئیں تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ تاہم پولیس نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ جو افراد جذباتی کیفیت یا غلط فہمی میں سرکاری املاک اپنے ساتھ لے گئے، انہیں ایک موقع دیا جا رہا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ایسے تمام افراد کو 48 گھنٹے کی مہلت دی گئی ہے کہ وہ موٹرسائیکلیں، گاڑیاں، رکشے یا دیگر سرکاری سامان متعلقہ تھانوں میں واپس جمع کرا دیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقررہ وقت کے اندر رضاکارانہ طور پر سامان واپس کرنے والوں سے کوئی تفتیش یا سوال جواب نہیں کیا جائے گا۔

کوئٹہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور شہر میں امن و امان کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔ پولیس کے مطابق شہریوں کا تعاون ہی دہشتگردی اور جرائم کے خلاف مؤثر حکمتِ عملی کی بنیاد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں