کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرصدارت سی ایم سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمانڈر 12 کور جنرل عنایت حسین، صوبائی کابینہ کے ارکان اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور گورننس میں بہتری کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سول اور عسکری ادارے باہمی اشتراک سے مربوط اقدامات کر رہے ہیں۔ گورننس کو مؤثر بنانے کے لیے تمام اضلاع میں میرٹ کی بنیاد پر کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی پولیس افسران تعینات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں 7 لاکھ 58 ہزار بچوں کو دوبارہ تعلیمی نظام کا حصہ بنایا گیا، جبکہ تقریباً 17 ہزار اساتذہ کی بھرتی کے ذریعے صوبے کے تمام بند اسکول فعال بنائے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق صوبائی حکومت نے امن و امان اور سیکیورٹی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے 16 قوانین منظور کیے ہیں، جبکہ سیف سٹی منصوبوں پر کام بھی تیز کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور دور دراز علاقوں کے سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔




