کوئٹہ میں گیس کا حیران کن بل، خالی مکان کے صفر یونٹ استعمال پر 44 لاکھ روپے سے زائد کا بل جاری
کوئٹہ: سوئی سدرن گیس کمپنی کی بلنگ کا ایک حیران کن معاملہ سامنے آگیا، جہاں ایک خالی مکان کا گیس استعمال صفر یونٹ ظاہر ہونے کے باوجود بل کی رقم 44 لاکھ روپے سے تجاوز کرگئی۔
متاثرہ شہری کے لیے یہ بل کسی بڑے صدمے سے کم نہیں تھا۔ شہری کے مطابق جس مکان کا بل جاری کیا گیا ہے وہ عرصے سے خالی پڑا ہے اور وہاں گیس استعمال ہونے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
حیرت کی بات یہ ہے کہ گیس کے صفر یونٹ استعمال کے باوجود 44 لاکھ روپے سے زائد کا بل جاری کردیا گیا۔ اس غیر معمولی بلنگ نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے نظام پر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
متاثرہ شہری نے متعلقہ حکام سے معاملے کا فوری نوٹس لینے، بلنگ کی جانچ پڑتال کرنے اور بل کی درستگی کا مطالبہ کیا ہے۔




