کوئٹہ( اوسلس نیوز ) محکمہ آبپاشی بلوچستان میں ترقیاتی و غیر ترقیاتی فنڈز سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں، خرد برد، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات کی تحقیقات کے سلسلے میں انسدادِ بدعنوانی اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کوئٹہ نے ایگزیکٹو انجینئر فرید احمد اور ایس ڈی او ایریگیشن امین عمرانی کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 30 ستمبر 2026 کو وضاحت کے لیے طلب کرلیا ہے۔
انسدادِ بدعنوانی ادارہ کوئٹہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر تحقیقات-II شیخ منیر احمد کے دستخط سے جاری نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے کینال آبپاشی نظام کے افسران و اہلکاروں کی جانب سے ترقیاتی و غیر ترقیاتی فنڈز کے حوالے سے مبینہ بے ضابطگیوں، خرد برد، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق ایک شکایت ادارے میں زیرِ کارروائی ہے۔
نوٹس کے مطابق تحقیقات کے سلسلے میں دونوں افسران کو ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 160 کے تحت ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 30 ستمبر 2026 کو صبح 11:30 بجے انسدادِ بدعنوانی ادارہ بلوچستان، کوئٹہ کے سرکل آفس، ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی، جوائنٹ روڈ کوئٹہ میں پیش ہوں۔
انسدادِ بدعنوانی اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے جاری نوٹسز میں مزید کہا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے، جبکہ کسی حقیقی وجہ کے باعث مقررہ تاریخ پر پیش ہونا ممکن نہ ہو تو اس حوالے سے مقررہ تاریخ سے قبل تحریری طور پر ادارے کو آگاہ کرنا ضروری ہوگا۔
تاہم نوٹسز میں عائد الزامات تحقیقات کے مرحلے میں ہیں اور ان کی حتمی حیثیت متعلقہ قانونی کارروائی اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوگی۔




