وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات کے قریب سکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں پانچ دہشت گرد ہلاک جبکہ 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق دہشت گردوں نے قومی شاہراہ N-25 پر عوام کی آمدورفت متاثر کرنے، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی کوشش کی، جسے سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں، جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد قبضے میں لیا گیا۔
میر سرفراز بگٹی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بروقت ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال اور قومی شاہراہوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ ریاستی ادارے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن بھی جاری ہے تاکہ باقی ماندہ دہشت گردوں کا خاتمہ اور قومی شاہراہ کی سکیورٹی یقینی بنائی جا سکے۔




