کوئٹہ ( اولس نیوز ) کوئٹہ کے سول اسپتال میں زچگی کے دوران مبینہ طور پر جڑواں بچوں کی پیدائش اور ایک نومولود کے لاپتہ ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس پر بچے کے والد نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دوسرے نومولود کے بارے میں حقائق سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ کوئٹہ کے رہائشی عبدالطیف کے مطابق ان کی اہلیہ نگینہ کو زچگی کے لیے سول اسپتال لایا گیا، جہاں الٹراساؤنڈ رپورٹ میں جڑواں بچوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ عبدالطیف کا دعویٰ ہے کہ زچگی کے بعد انہیں صرف ایک نومولود بچہ فراہم کیا گیا، جبکہ دوسرے بچے کے بارے میں اسپتال انتظامیہ اور متعلقہ ڈاکٹرز کی جانب سے انہیں کوئی واضح معلومات نہیں دی گئیں۔ بچے کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے ہاں دو بچوں کی پیدائش متوقع تھی، تاہم انہیں صرف ایک بچہ دیا گیا اور دوسرے نومولود کے بارے میں صورتحال واضح نہیں کی گئی۔ عبدالطیف کا کہنا ہے کہ وہ اپنے دوسرے نومولود بچے کے بارے میں مکمل جواب اور حقائق جاننا چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔ دوسری جانب جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سول اسپتال کوئٹہ کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالہادی کاکڑ نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ایم ایس سول اسپتال کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے، جس کے بعد حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔ واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات اور تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی معاملے کی اصل صورتحال واضح ہوسکے گی۔
کوئٹہ: سول اسپتال میں مبینہ طور پر جڑواں بچوں کی پیدائش، ایک نومولود لاپتہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل




