دکی ( اولس نیوز) دکی کے علاقے جھالار میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں سردار اکبر خان ناصر کے تین محافظ جاں بحق جبکہ دو لاپتہ ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں غنو ولد خدائیداد، آغا جان اور عزت خان شامل ہیں، جن کا تعلق افغانستان سے بتایا گیا ہے۔ ایس پی دکی منصور احمد بزدار کے مطابق دو محافظ نادر خان اور بشیر خان تاحال لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی لورالائی رینج اور ایس پی دکی کی ہدایت پر پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی، لاشوں کو تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال دکی منتقل کردیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جھالار کے علاقے میں اس سے قبل بھی سردار اکبر خان ناصر کے محافظوں پر متعدد حملے ہو چکے ہیں۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ حملہ آوروں اور لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔