چھبیس اگست 2026 کو بلوچستان کے عظیم سیاسی و قومی رہنما شہید نواب اکبر خان بگٹی کی برسی نہایت عقیدت، احترام اور قومی جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔ ترجمان جواد ہزارہ
ترجمان جواد ہزارہ نے کہا کہ شہید نواب اکبر بگٹی کی زندگی سیاسی جدوجہد بلوچستان کے حقوق کے لیے ان کے واضح مؤقف اور عوامی خدمت کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
شہید نواب اکبر بگٹی نے اپنی سیاسی زندگی میں بلوچستان کے عوام کے حقوق، عزت، وقار، وسائل پر اختیار اور سیاسی خودمختاری کے لیے آواز بلند کی۔ ان کی جدوجہد بلوچستان کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم باب ہے اور ان کا نام آج بھی بلوچستان کے سیاسی شعور اور قومی جدوجہد کے حوالے سے احترام سے لیا جاتا ہے۔
ان کی برسی صرف ایک عظیم رہنما کو یاد کرنے کا دن نہیں بلکہ بلوچستان کے ان بنیادی مسائل کو اجاگر کرنے کا موقع بھی ہے جن کے حل کے لیے شہید نواب اکبر بگٹی نے اپنی آواز بلند کی۔ آج بھی ضرورت ہے کہ بلوچستان کے عوام کو ان کے آئینی، سیاسی، معاشی اور بنیادی حقوق دیے جائیں اور صوبے کے وسائل و مستقبل کے بارے میں عوام کی رائے کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔
ترجمان جواد ہزارہ نے کہا کہ شہید نواب اکبر بگٹی کی برسی کے موقع پر انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کی سیاسی جدوجہد، قربانیوں اور بلوچستان کے عوام کے حقوق کے لیے اٹھائی گئی آواز کو یاد رکھا جائے گا۔ شہید رہنماؤں کی جدوجہد تاریخ کا حصہ بن جاتی ہے جسے وقت گزرنے کے ساتھ مزید سنجیدگی سے سمجھنے اور یاد رکھنے کی ضرورت ہے۔




