مستونگ کے قریب مسافر گاڑی پر فائرنگ، مریضہ خاتون جاں بحق

کوئٹہ ( اولس نیوز ) کراچی جانے والی ایک مسافر گاڑی پر مستونگ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک مریضہ خاتون جاں بحق ہو گئیں۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ایک بچے سمیت دو افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کو علاج کی غرض سے ژوب سے کراچی لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے گاڑی کو رکنے کا اشارہ دیا، تاہم گاڑی مکمل طور پر رکنے سے پہلے ہی دونوں اطراف سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی گئی۔

زخمی شخص نے پولیس کو اپنے ابتدائی بیان میں بتایا کہ حملہ آوروں نے رکنے کا اشارہ دیا، لیکن گاڑی رکنے سے قبل ہی شدید فائرنگ کر دی، جس سے گاڑی میں سوار افراد زد میں آ گئے۔

واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں