پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے ، انھوں نے 90 ووٹ حاصل کئے۔
تفصیلات کے مطابق نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں علی امین گنڈاپور اور دیگر ارکان اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا عمل شروع کیا گیا، جس کے بعد پی ٹی آئی کے سہیل آفریدی 90 ووٹ لےکرنئے قائد ایوان منتخب ہوگئے۔
پی ٹی آئی رکن آصف محسود بیرون ملک ہونے کے باعث انتخابی عمل کاحصہ نہ بن سکے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کے پی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا گیا۔
اسپیکر کے پی اسمبلی بابرسلیم نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے آئینی عمل شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا قائدایوان کےانتخاب پر رولنگ دیتا ہوں جو طریقہ کار اپنایا وہ بالکل آئینی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بطور اسپیکر اس ایوان میں وزیراعلیٰ کا انتخاب میری آئینی ذمہ داری ہے، علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ اور نئے قائد ایوان کا انتخاب آئین و قانون ہے۔
خیال رہے سہیل آفریدی کے مدمقابل جے یو آئی ف کے مولانا لطف الرحمان، مسلم لیگ ن کے سردار شاہ جہاں یوسف اور پیپلز پارٹی کے ارباب زرک خان بھی میدان میں تھے۔




