خضدار زیرو پوائنٹ پر اسکول بس پر خود کش حملہ،بچوں سمیت 5 افراد شہید

بلوچستان (اولس نیوزکوئٹہ ) بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایک اسکول بس کو دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں چار معصوم بچوں سمیت پانچ افراد شہید ہو گئے۔شہدا میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں، حملے میں متعدد بچے بھی زخمی ہیں جو اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آج صبح خضدار میں اسکول بس پر حملہ کیا گیا جس میں 47 بچے سوار تھے اور اس افسوسناک واقعے میں 4 بچے شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر نے اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی طرف سے کیا گیا ہے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خضدار میں اسکول جانے والے بچوں کی بس کو نشانہ بنایا گیا جو ایک المناک اور بزدلانہ اقدام ہے۔

خضدار حملہ: دہشت گردی کے تمام واقعات کے پیچھے بھارت کا مسخ شدہ چہرہ ہے، سیکیورٹی ذرائع

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے تمام واقعات کے پس پردہ بھارت کا گھناؤنا اور مسخ شدہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے جیسی بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ خضدار میں اسکول کے بچوں کو لے جانے والی بس پر حملہ بھارتی سرپرستی میں کیا گیا۔ اس بھیانک حملے کی منصوبہ بندی بھارت میں کی گئی، جسے بلوچستان میں سرگرم اس کی پراکسی تنظیموں نے عملی جامہ پہنایا۔

ذرائع کے مطابق بھارت نے یہ حملہ اس معرکۂ حق میں اپنی عبرتناک شکست کے بعد انتقامی جذبے کے تحت کروایا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے پراکسیز کے ذریعے دہشت گردی کا نیٹ ورک استعمال کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد پاکستان کے اندرونی امن کو نقصان پہنچانا ہے۔ تاہم، سیکیورٹی فورسز مکمل چوکنا ہیں اور دہشت گردی کے تمام نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں