بھارت نے سلال ڈیم کے تمام گیٹ مکمل کھول دیے، سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری

بھارت نے سلال ڈیم کے تمام اسپِل وے گیٹس کھول دیے، دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ

بھارت نے سلال ڈیم کے تمام اسپِل وے گیٹس مکمل طور پر کھول دیے ہیں، جس کے نتیجے میں دریائے چناب میں پاکستان کی جانب پانی کا بہاؤ تیزی سے بڑھ گیا ہے۔ پانی کی سطح میں اضافے کے خدشے کے باعث نشیبی علاقوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق سلال ڈیم سے تقریباً ڈیڑھ لاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے، جس کے باعث دریائے چناب پر قائم ہیڈ مرالہ، خانکی اور قادرآباد کے مقامات پر پانی کے شدید دباؤ کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ہیڈ مرالہ پر اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزر سکتا ہے، جس کے پیش نظر دریائے چناب سے ملحقہ علاقوں کی ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے چھٹے اسپیل کے حوالے سے بھی الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آج رات سے 21 اگست تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی 20 اور 21 اگست کے دوران بارش متوقع ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے، لہٰذا شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں