قلعہ عبداللہ میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج، فیض اللہ خان غبیزئی نامزد
قلعہ عبداللہ ( اولس نیوز) قلعہ عبداللہ میں دفعہ 144 کی مبینہ خلاف ورزی پر پولیس نے فیض اللہ خان غبیزئی کے خلاف انسدادِ دہشت گردی، دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ ایکٹ سمیت مختلف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ضلع میں جاری خصوصی آپریشن اور امن و امان کے قیام کے لیے دفعہ 144 نافذ ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق گزشتہ روز فیض اللہ خان غبیزئی کی جانب سے مبینہ طور پر 20 سے 25 گاڑیوں پر مشتمل ایک بڑا قافلہ نکالا گیا، جس میں مسلح افراد بھی موجود تھے۔ پولیس نے اس اقدام کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کارروائی کی۔
تھانہ سٹی قلعہ عبداللہ میں مقدمہ نمبر 19/2026 مورخہ 24 نومبر 2026 کو اسسٹنٹ سب انسپکٹر علی محمد کی رپورٹ پر درج کیا گیا۔ مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 7، ایکسپلوسیو سبسٹنسز ایکٹ 1908 کی دفعات 4 اور 5، بلوچستان آرمز ایکٹ 2022 کی دفعہ 17-B سمیت تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 122، 505، 188، 341، 506-B، 147، 148 اور 149 شامل کی گئی ہیں۔
ضلعی پولیس کے مطابق ضلع میں جاری خصوصی آپریشن، امن و امان اور سرکاری احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ واضح رہے کہ فیض اللہ خان غبیزئی کے خلاف مقدمے میں عائد الزامات کی حتمی حیثیت کا تعین پولیس تفتیش اور عدالتی کارروائی کے بعد ہوگا۔




