جھلاوان میڈیکل کالج خضدار میں پشتون کلچر ڈے روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا

خضدار: جھلاوان میڈیکل کالج خضدار میں آج پشتون کلچر ڈے جوش و خروش اور روایتی انداز میں منایا گیا۔ تقریب میں کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر بیزن بلوچ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ فیکلٹی ممبران، طلباء اور منتظمین بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ امتحانات کے باعث پشتون کلچر ڈے آج منایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی تقریبات طلباء کو اپنی تاریخ، ثقافت اور روایات سے روشناس کرانے کے ساتھ ان کی ذہنی نشوونما اور پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرام طلباء میں باہمی ہم آہنگی، برداشت اور مختلف ثقافتوں کے احترام کو فروغ دیتے ہیں۔ اپنی ثقافت اور روایات سے وابستگی نوجوان نسل میں شناخت اور اپنے تاریخی ورثے سے آگاہی پیدا کرتی ہے۔

اس موقع پر تقریب کے انعقاد میں حصہ لینے والے طلباء اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی کالج میں ایسی مثبت تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا، تاکہ طلباء کو تعلیم کے ساتھ اپنی ثقافت اور روایات کو سمجھنے کے مواقع بھی میسر آسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں