پی ٹی آئی کا حکومت مخالف لانگ مارچ ساتویں روز میں داخل، قافلہ مردان پہنچے گا

چارسدہ ( اولس نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کا حکومت مخالف لانگ مارچ ساتویں روز بھی جاری ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں مارچ کا قافلہ چارسدہ سے روانہ ہوکر مختلف علاقوں سے گزرتا ہوا آج مردان پہنچے گا۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق مارچ گزشتہ رات پشاور سے ہوتا ہوا چارسدہ پہنچا، جہاں شرکا نے رزڑ گراؤنڈ میں رات گزاری۔ آج ساتویں روز کا سفر اسی مقام سے شروع کیا گیا۔ قافلہ تنگی، چارسدہ اور سرڈھیری سمیت مختلف علاقوں سے گزرنے کے بعد مردان میں داخل ہوگا۔

مارچ کے طے شدہ پروگرام کے مطابق شرکا رات مردان میں قیام کریں گے، جس کے بعد 11 اکتوبر کو صوابی کی جانب روانگی ہوگی۔ اب تک قافلہ لکی مروت، کرک، کوہاٹ، پشاور، خیبر اور چارسدہ میں قیام کرچکا ہے۔ سفر کے دورانیے اور انتظامی مسائل کے باعث مارچ کے شیڈول میں دو مرتبہ ردوبدل بھی کیا گیا ہے۔

بخشی پل پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پشاور کے عوام اور پارٹی کارکنوں کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ طویل سفر کے باوجود کارکنوں کا جوش و جذبہ برقرار ہے اور عوام کی مسلسل شرکت سے ان کے حوصلے مزید بڑھے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ چارسدہ میں مارچ کے آئندہ مرحلے سے متعلق حکمت عملی بتائی جائے گی، جبکہ صوابی پہنچنے پر احتجاج کے حتمی لائحۂ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اگلے مراحل کے لیے تیار رہیں اور مارچ کے دوران نظم و ضبط قائم رکھیں۔

لانگ مارچ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ احتجاج کے بنیادی مطالبات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں کی اجازت، انہیں مناسب طبی سہولتیں فراہم کرنا اور اعلیٰ عدالتوں میں ان کے خلاف مقدمات کی سماعت کا آغاز شامل ہے۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔ دوسری جانب متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ سیکیورٹی انتظامات اور امن و امان کی صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں