بلوچستان( اولس نیوز) ضلع پشین کے علاقے سرانان کلی سلیمان زئی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پانچ مزدور جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ پیر کو سرانان کلی سلیمان زئی میں پیش آیا، جہاں اینٹوں کے بھٹے پر کام کرنے والے مزدوروں پر نامعلوم مسلح افراد نے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں پانچ مزدور جاں بحق جب کہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی مزدوروں کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی تحقیقات بھی شروع کردی ہیں، جب کہ لاشوں اور زخمی مزدور کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
فوری طور پر جاں بحق افراد کے نام اور دیگر شناختی تفصیلات معلوم نہیں ہوسکیں۔