آزاد کشمیر میں ن لیگ کی پوزیشن مزید مستحکم

آزاد کشمیر ( اولس نیوز ) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ ن نے 31 نشستوں کے ساتھ واضح برتری حاصل کرلی ہے، جبکہ مخصوص نشستوں کے نتائج کے بعد حکومت سازی کے امکانات مزید روشن ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 8 مخصوص نشستوں میں سے 6 نشستیں مسلم لیگ ن نے اپنے نام کرلیں، جس کے بعد آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے ن لیگ کی پوزیشن مضبوط ہوگئی ہے۔

ٹیکنوکریٹ نشست پر مسلم لیگ ن کے بیرسٹر افتخار گیلانی 26 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار ذوالفقار علی نے 12 ووٹ حاصل کیے۔ علماء و مشائخ کی نشست پر بھی ن لیگ کے محمد مظہر سعید نے 26 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ پیپلز پارٹی کے حافظ طارق کو 12 ووٹ ملے۔

خواتین کی 5 مخصوص نشستوں میں سے 3 پر مسلم لیگ ن کی امیدوار مریم زمان، مریم ادریس اور سحرش قمر کامیاب ہوئیں، جبکہ پیپلز پارٹی کی فرزانہ یعقوب اور زوبیہ خورشید راجہ نے بھی خواتین کی مخصوص نشستیں حاصل کرلیں۔

مخصوص نشستوں کے نتائج کے بعد مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد 32 جبکہ پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔ ن لیگ کو اتحادی ارکان کی حمایت بھی حاصل ہے، جس کے باعث حکومت سازی کے لیے اس کی عددی پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی ہے۔

اوورسیز نشست پر عبدالرحمان آرائیں پہلے ہی بلا مقابلہ رکن اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں۔ مخصوص نشستوں کے نتائج کے بعد آزاد کشمیر اسمبلی میں مسلم لیگ ن کو واضح برتری حاصل ہوگئی ہے۔

اب آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے، جبکہ وزیراعظم کے انتخاب کے لیے بھی تیاریاں تیز کردی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں