وزیراعظم: دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، سیاسی و عسکری قیادت متحد ہے۔

کوئٹہ ( اولس نیوز ) کوئٹہ میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان میں دہشت گردی کے افسوسناک واقعات میں پولیس اہلکاروں، سکیورٹی فورسز کے جوانوں اور شہریوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائیوں کے دوران 54 دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔

اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، وفاقی وزرا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کے بقول ان قربانیوں کے نتیجے میں ملک سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ ممکن بنایا جائے گا۔

شہباز شریف نے الزام عائد کیا کہ پاکستان کو درپیش دہشت گردی میں مشرقی ہمسایہ ملک کا کردار موجود ہے اور دہشت گردوں کو اسلحہ، مالی معاونت اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے دہشت گرد خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں حملے کرتے ہیں، تاہم ریاست ایسے عناصر کے عزائم ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

وزیراعظم کے مطابق پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں اور گذشتہ برس حاصل ہونے والی کامیابیوں نے دشمنوں کو پریشان کر رکھا ہے، جس کے باعث ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ تاہم انھوں نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت متحد ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔

انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت، حکومتِ بلوچستان اور سکیورٹی ادارے امن کی بحالی، استحکام اور ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے تاکہ پاکستان کو امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے دہشت گردی کے واقعات میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی بلکہ یہی قربانیاں ملک میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں