کوئٹہ چمن نیشنل ہائی وے منصوبے میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی، ایف آئی آر اور گرفتاری ہوگی

ترجمان دفتر ڈپٹی کمشنر، قلعہ عبداللہ

ترجمان دفتر ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ نے ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع قلعہ عبداللہ میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے تحت نیشنل ہائی وے پر جاری ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ یہ منصوبہ قومی نوعیت کا حامل ہے جس کے ثمرات نہ صرف ضلع اور صوبے بلکہ ملکی سطح پر عوام کو حاصل ہوں گے۔ نیشنل ہائی وے ملک کی اہم شاہراہ ہے جو علاقائی اور قومی مفادات سے وابستہ ہے، لہٰذا اس میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی
ترجمان نے واضح کیا کہ قانون کے مطابق زمین کے حصول کا عمل مکمل ضابطے کے تحت کیا جا رہا ہے۔ اگر کسی شہری کو زمین، باغات کے درختوں، عمارتوں یا دیگر املاک کے اندراج سے متعلق کوئی شکایت یا تحفظات ہوں—مثلاً درختوں کی تعداد کم درج ہونا، عمارت یا زمین کا رقبہ کم تحریر ہونا—تو وہ باقاعدہ طور پر اپنی درخواست دفتر ڈپٹی کمشنر میں جمع کروا سکتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر زمینی حقائق کا جائزہ لے کر قانون اور میرٹ کے مطابق کارروائی کریں گے
ترجمان نے مزید کہا کہ کسی فرد یا گروہ کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ ازخود سرکاری کام میں مداخلت کرے یا اسے رکوانے کی کوشش کرےقومی مفاد کے اس منصوبے میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں ایف آئی آر کا اندراج اور متعلقہ قوانین کے تحت گرفتاری بھی شامل ہو سکتی ہے
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، افواہوں سے گریز کریں اور قومی اہمیت کے اس منصوبے کی تکمیل میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ضلع قلعہ عبداللہ اور ملک بھر کے عوام اس کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔
ترجمان
دفتر ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ

اپنا تبصرہ بھیجیں