خواجہ آصف: بلوچستان کے مسائل طاقت نہیں بلکہ سیاسی و جمہوری طریقے سے حل ہوں گے

کوئٹہ ( اولس نیوز ) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حالات کو مکمل طور پر تسلی بخش قرار نہیں دیا جا سکتا، تاہم حکومت صوبے میں امن و استحکام کے قیام اور مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسئلے کو طاقت کے بجائے سیاسی اور جمہوری انداز میں حل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت مذاکرات اور سیاسی عمل کو ہی مسائل کے حل کا مؤثر راستہ سمجھتی ہے،کوئٹہ کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا ایک اہم اور حساس صوبہ ہے، جس کی ترقی اور خوشحالی ملک کے استحکام سے جڑی ہوئی ہے،انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں اور محرومیوں کے خاتمے کے لیے کوششیں کرتی رہی ہے،انہوں نے کہا کہ صوبے میں بعض خامیاں اور چیلنجز ضرور موجود ہیں، تاہم ان پر قابو پانے کے لیے سیاسی ہم آہنگی،عوامی اعتماد اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مثبت ماحول پیدا کرنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ وہ قومی دھارے میں بھرپور کردار ادا کر سکیں،وفاقی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ بلوچستان کے وسائل پر سب سے پہلا حق یہاں کے عوام کا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ صوبے کے قدرتی وسائل اور ترقیاتی فنڈز کو مقامی عوام کی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات اور ترقی پر خرچ کیا جائے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سیاسی قوتوں، عوام اور ریاستی اداروں کے باہمی تعاون سے بلوچستان میں پائیدار امن اور ترقی کا خواب ضرور پورا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں